پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ بھتہ خور اور ڈاکو ہلاک، سی سی ڈی اہلکار شدید زخمی

سی سی ڈی ڈیرہ غازی خان نے خفیہ اطلاع پر بدنام زمانہ بھتہ خور اور ڈاکو اکبر کھوسہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا


ویب ڈیسک August 05, 2026

پنجاب میں پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ بھتہ خور اور ڈاکو ہلاک ہوگیا جب کہ سی سی ڈی اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔

سی سی ڈی ڈیرہ غازی خان نے خفیہ اطلاع پر بدنام زمانہ بھتہ خور اور ڈاکو اکبر کھوسہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، تاہم ملزم اور اس کے گینگ کے دیگر ساتھیوں نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں بدنام زمانہ ڈاکو اکبر کھوسہ ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سی سی ڈی ڈیرہ غازی خان کا اہلکار شہزاد احمد قریشی شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے ڈاکو اکبر کھوسہ کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

سی سی ڈی کے مطابق مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی پنجاب بھر میں منظم جرائم کی روک تھام کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔