میکسیکو؛ ٹک ٹاک لائیو کے دوران معروف انفلوئنسر کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

حملے کے وقت وہ فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ سے ڈلیوری بوائے کے لباس میں دوستوں کے ہمراہ لائیو اسٹریمنگ کر رہے تھے


ویب ڈیسک August 05, 2026
میکسیکو کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈلیوری بوائے کے لباس میں لائیو اسٹریمنگ کر رہے تھے

میکسیکو میں سیزر گاستیلم نامی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کو ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیزر گاستیلم شمالی ریاست سینالوا کے دارالحکومت کولیاکان کے علاقے ٹریس ریوس میں فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر اپنے دوستوں کے ساتھ ٹک ٹاک پر لائیو ویڈیو بنا رہے تھے۔

اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد وہاں پہنچے جن میں سے ایک حملہ آور نے قریب سے سیزر گاستیلم پر فائرنگ کر دی۔ جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دونوں حملہ آور فرار ہوگئے۔

سیزر گاستیلم کے ٹک ٹاک پر 5 لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور وہ زیادہ تر مزاحیہ ویڈیوز، روزمرہ زندگی کے دلچسپ لمحات اور تفریحی مواد شیئر کرتے تھے۔ انسٹاگرام پر بھی وہ سفر، مہنگی گاڑیوں اور اپنی نجی زندگی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے تھے۔

حملے کے وقت سیزر اور ان کے دوست نارنجی رنگ کی وہ جیکٹس اور بیگ پہنے ہوئے تھے جو عام طور پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز استعمال کرتے ہیں۔ ابتدا میں پولیس نے مقتول کو ڈیلیوری ورکر سمجھا تاہم بعد میں ان کی اصل شناخت سامنے آئی۔

پولیس اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر گولیوں کے خول، قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

تاحال کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی یہ واضح ہو سکا ہے کہ مقتول کو پہلے سے کسی قسم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں یا نہیں۔

یہ پہلا واقعہ نہیں کہ میکسیکو میں کسی سوشل میڈیا شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ گزشتہ سال 23 سالہ ٹک ٹاکر ویلیریا مارکیز کو بھی بیوٹی سیلون میں ٹک ٹاک لائیو کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

سیزر گاستیلم کی سوشل میڈیا پوسٹس میں ایک تصویر ایسی بھی تھی جس میں وہ مقتول انفلوئنسر لیوباردو آئسپورو المعروف ’’ایل گورڈو پیروچی‘‘ کی قبر پر موجود تھے۔

لیوباردو کو دسمبر 2024 میں قتل کیا گیا تھا، جس کے بارے میں پولیس کا خیال تھا کہ اس کا تعلق سینالوا کارٹیل کے دو متحارب دھڑوں ’’لاس چاپیتوس‘‘ اور ’’لا ماییزا‘‘ کے درمیان جاری خونریز تنازع سے ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ریاست سینالوا میں ستمبر 2024 سے منشیات فروش گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں اور پرتشدد واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے باعث کولیاکان اور اس کے گردونواح میں امن و امان کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔