کراچی؛ شارع بھٹو پر تیز رفتار گاڑی کی سوزوکی پک اپ کو ٹکر، خاتون جاں بحق

شارع بھٹو پر ٹول پلازہ کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے حادثے میں 7 خواتین سمیت 11 افراد زخمی بھی ہوئے، پولیس


منور خان August 05, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی کے علاقے کورنگی شارع بھٹو پر ٹول پلازہ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے سوزوکی اپک اپ الٹنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 7 خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق قیوم آباد سے قائد آباد جاتے ہوئے شارع بھٹو پر ٹول پلازہ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے سوزوکی پک الٹ گئی جس کے نتیجے میں اس میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک خاتون جاں بحق ہوگئی ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

ایدھی حکام نے بتایا کہ حادثے میں ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت 20 سالہ رامین لالو کے نام سے ہوئی، زخمیوں کی شناخت 30 سالہ اشو ، 57 سالہ لالو ، 45 سالہ تلسیہ، 37 سالہ کیشی، 40 سالہ لکشمی، 12 سالہ آشا، 25 سالہ شامو،  13 سالہ کیشی، 16 دھنی اور 8 سالہ حنا کے نام سے ہوئی جبکہ 50 سالہ خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی جو شدید زخمی بتائی جاتی ہیں۔

ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا حکم داد نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث کیا اسپورٹج گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے جو سوزوکی پک اپ پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ تیز رفتار گاڑی نے انہیں عقب سے ٹکر مار دی اور اس کے نتیجے میں سوزوکی پک اپ الٹ گئی۔

ایس ایچ او حکم داد نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے تاہم پولیس نے حادثے کی ذمہ دار گاڑی اور سوزوکی پاک اپ کو اپنے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے، پولیس فرار ہونے والے ڈرائیور کو تلاش کر رہی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔