روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے گرد و نواح پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں تازہ اطلاعات کے مطابق کم از کم 17 افراد ہلاک اور 44 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق حملوں میں رہائشی علاقوں، گوداموں، ایک ریلوے اسٹیشن اور دیگر شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی اور امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
یوکرین کے صدر ولادمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے اس حملے میں میزائلوں اور ڈرونز کا وسیع استعمال کیا جبکہ یوکرین کو بیلسٹک میزائل روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام اور انٹرسیپٹرز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں کا ہدف فوجی اور لاجسٹک تنصیبات تھیں، جبکہ یوکرین کا مؤقف ہے کہ حملوں میں شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔