لاہور: نجی یونیورسٹی میں 18 سالہ طالب علم کی پراسرار موت

پولیس کے مطابق 18 سالہ اریب لیاقت کی ناشتہ کرتے ہوئے اچانک طبیعت خراب ہوئی


ویب ڈیسک August 06, 2026

لاہور ڈیفنس بی میں واقع ایک نجی یونیورسٹی میں 18 سالہ طالب علم اریب لیاقت کی پراسرار ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق 18 سالہ اریب لیاقت کی ناشتہ کرتے ہوئے اچانک طبیعت خراب ہوئی، جس پر ساتھی طالب علموں نے ریسکیو کو اطلاع دی۔ ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور طالب علم کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کے مطابق اریب لیاقت نجی یونیورسٹی میں مقابلے کے امتحان کے لیے آیا تھا۔ مختلف تعلیمی اداروں سے ٹاپ طلبہ کو مدعو کیا گیا تھا، جبکہ مقابلے کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو نجی یونیورسٹی میں مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ متوفی کا تعلق قصور سے تھا۔

پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی، جبکہ مزید حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

بعد ازاں ڈیفنس بی میں نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل سے 17/18 سالہ طالب علم اریب لیاقت کی لاش ملنے کے معاملے پر اے ایس پی ڈیفنس فضل رحمان اور ایس ایچ او ڈیفنس بی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال کے مطابق واقعے کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے، جبکہ مزید کارروائی قانون کے مطابق جاری ہے۔