شہر قائد کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر کراچی یونیورسٹی کی تیز رفتار بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے حادثے میں 17 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل عوامی مرکز کے قریب کراچی یونیورسٹی کی تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 17 سالہ سویرا دختر جون کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اُدھر پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور بس کو اپنے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
دوسری جانب سپرہائی وے براق پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں 40 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی راہگیر تھا جو نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا۔