وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کراچی زون نے غیرقانونی فارن ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی خصوصی ہدایات پر کمرشل بینکس سرکل اور اینٹی کرپشن سرکل نے ہنڈی یا حوالہ نیٹ ورکس کے خلاف دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے الامین ٹاور بلاک 10گلشن اقبال میں کارروائی کے دوران سید عاطف عباس زیدی کو غیرقانونی طور پر امریکی ڈالرز اور دیگر غیرقانونی کرنسیوں کی خریدوفروخت میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 23,107 امریکی ڈالر، 45,000 سعودی ریال ایک ارب 11 کروڑ 60 لاکھ ایرانی ریال، 33 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے، دو پرائز بانڈ، پانچ مہریں، دو چیک، 4 آئی فونز اور ایک رجسٹر برآمد کرکے قبضےمیں لےلیا گیا اور ملزم کے خلاف ایف آئی آر متعلقہ قوانین کے تحت درج کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے دھوراجی کالونی بہادر آباد میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران الطاف ٹیلی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، دوران کارروائی ملزم کے ساتھی ارسل کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان مبینہ طور پر غیرقانونی ہنڈی، حوالہ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک کروڑ روپے نقد، مختلف ممالک کی بڑی مقدار میں غیرملکی کرنسیاں، دو موبائل فونز جن میں ابتدائی طور پر قابل اعتراض مواد موجود تھا، چیک بکس اور دیگر اہم دستاویزی شواہد برآمد کرکے قانون کے مطابق قبضے میں لے لیےگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، دونوں مقدمات میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے تاکہ ان غیرقانونی مالیاتی نیٹ ورکس سے وابستہ دیگر سہولت کاروں، مالی معاونین اور شریک ملزمان کو بھی قانون کےکٹہرے میں لایا جاسکے۔
ترجمان نے کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون غیر قانونی فارن ایکسچینج، ہنڈی و حوالہ، منی لانڈرنگ اور دیگر مالیاتی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے اور ایسے تمام غیرقانونی نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔