سندھ پولیس کو قتل کے مقدمے میں پانچ برس سے مطلوب اشتہاری ملزم کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ڈولفن پولیس لاہور نے بتایا کہ موبائلز اسکواڈ ناکا شیرا کوٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ سے ملزم کو مشکوک جانتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کریمنل ریکارڈ چیک کرنے پر اے کیٹگری کا اشتہاری نکلا، ملزم کے خلاف تھانہ استورث گنج شکارپور سندھ میں قتل کا مقدمہ درج ہے جبکہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے 5 سال سے لاہور میں روپوش تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم عبدالکریم قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کردیا ہے اور متعلقہ پولیس کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی موبائلز بلال احمد نے بتایا کہ ناکا جات پر ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا رہے ہیں۔