سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے پر سعودی وزیر کا بیان

سعودی ولی عہد، صدر ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی طرف سے دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔


ویب ڈیسک August 08, 2026

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے  مکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل قرار دے دیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایکس اکاؤنٹس پر ایک بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد، صدر جمہوریہ ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی طرف سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے سلسلے میں یہ ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ معاہدہ ان مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی کوششوں کی نشاندہی کرتا ہے جس سے خطے کی سلامتی اور استحکام متاثر ہوتا ہے۔

یہ معاہدہ سلامتی اور استحکام کے تحفظ اور ایک زیادہ محفوظ علاقائی ماحول کی حمایت کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ سیاسی عزم کے طور پر سامنے آیا ہے، یہ معاہدہ ایک محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرتا ہے، جو ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کو فروغ دے گا۔