سلمان خان کے گھر کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار کی اچانک موت

مرنے والا اہلکار ممبئی پولیس کی ٹیم کے ساتھ سلمان خان کے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر تعینات تھا


ویب ڈیسک August 08, 2026

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔ کانسٹیبل گنیش رائٹے کی جمعے کی شام ڈیوٹی کے دوران موت ہوئی، ابتدائی طور پر ہلاکت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گنیش رائٹے ممبئی پولیس کی ٹیم کے ہمراہ سلمان خان کے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر تعینات تھا۔ شام تقریباً 6 بجے اس نے ساتھی اہلکاروں کو طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی، جس کے فوراً بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا۔

پولیس حکام کے مطابق بظاہر گنیش رائٹے کو ڈیوٹی کے دوران ہی دل کا دورہ پڑا، تاہم موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ طبی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی ہلاکت کی اصل وجہ کی تصدیق ہوسکے گی۔

یہ واقعہ سلمان خان کی سخت سیکیورٹی کے دوران پیش آیا ہے۔ 2024 میں اداکار کے قریبی دوست اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیق کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی کو ’وائی پلس‘ کیٹیگری میں بڑھا دیا گیا تھا۔

اداکار کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بڑی وجہ انہیں ملنے والی مسلسل دھمکیاں بھی ہیں۔ 1990 کی دہائی کے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کے تناظر میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو متعدد بار دھمکیاں دی جاچکی ہیں، جبکہ بابا صدیق کے قتل کی ذمہ داری بھی اسی گینگ نے قبول کی تھی۔

سلمان خان کی رہائش گاہ کو اس سے قبل بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جاچکی ہے۔ اکتوبر 2024 میں بابا صدیق کے قتل سے کچھ ماہ قبل، اپریل میں موٹر سائیکل سوار دو افراد نے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر کئی راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ تحقیقات کے بعد اس واقعے کا تعلق بھی گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نیٹ ورک سے جوڑا گیا تھا۔