مرونل ٹھاکر کی خود سے 10 سال چھوٹے کرکٹر سے تعلق کی افواہیں، اداکارہ کا ردعمل آگیا

مرونل اور یشاسوی جیسوال کے درمیان ڈیٹنگ کی افواہیں دونوں کو ممبئی کے ایک کیفے سے باہر نکلتے ہوئے دیکھ کر پھیلی تھیں


ویب ڈیسک August 09, 2026

بھارتی اداکارہ مرونل ٹھاکر نے اپنے سے 10 سال کم عمر کرکٹر یشاسوی جیسوال کے ساتھ مبینہ تعلقات کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔ ہندی اور تیلگو فلموں میں کام کرنے والی 34 سالہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے ردعمل میں افواہوں پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

مرونل اور یشاسوی جیسوال کے درمیان ڈیٹنگ کی قیاس آرائیوں نے اس وقت زور پکڑا جب دونوں کو ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں ایک ہی کیفے سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دونوں کے درمیان تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کردیں۔

ویڈیو شیئر کرنے والے ایک اکاؤنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مرونل نے لکھا کہ ’’بھائی، ریلیکس، مجھے دکھاؤ کہ ہم ساتھ کہاں ہیں؟ آپ جیسے پڑھے لکھے لوگ ان افواہوں کو سچ کیسے مان سکتے ہیں؟‘‘ اداکارہ نے مزید کہا کہ ملک میں بہت سے اہم مسائل موجود ہیں، اس لیے جین زی سے کچھ سیکھ کر درست موضوعات پر ویڈیوز بنائی جائیں، جس سے زیادہ ویوز بھی حاصل ہوسکتے ہیں۔

اگرچہ مرونل کا یہ تبصرہ اب مذکورہ ویڈیو کے نیچے دکھائی نہیں دے رہا، تاہم ان کے ردعمل کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ مرونل ٹھاکر کا نام کسی معروف شخصیت کے ساتھ جوڑا گیا ہو۔ 2025 میں اداکارہ کے تعلقات کی افواہیں ساؤتھ انڈین اسٹار دھنوش کے ساتھ بھی سامنے آئی تھیں۔ یہ قیاس آرائیاں اگست 2025 میں اس وقت شروع ہوئیں جب مرونل اپنی فلم ’سن آف سردار 2‘ کے پریمیئر کے دوران دھنوش سے گرمجوشی سے ملیں۔

دونوں کی دوستانہ ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر یہ دعوے کیے گئے کہ دھنوش خصوصی طور پر مرونل کی حوصلہ افزائی کے لیے فلم کی اسکریننگ میں شریک ہوئے تھے۔ بعد ازاں کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ دونوں 2026 میں شادی کرنے والے ہیں، تاہم مرونل اور دھنوش نے ان خبروں پر عوامی طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ مرونل کے قریبی ذرائع نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ اداکارہ اگلے ماہ شادی نہیں کر رہیں۔

مرونل ٹھاکر نے شوبز کی دنیا میں اپنے کیریئر کا آغاز ٹیلی وژن سے کیا۔ انہوں نے ’مجھ سے کچھ کہتی یہ خاموشیاں‘ میں 2012 اور ’کم کم بھاگیہ‘ میں 2014 سے 2016 تک کام کیا، جس کے بعد 2018 میں فلم ’لو سونیا‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

اداکارہ کو آخری بار ورون دھون کی فلم ’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘ میں دیکھا گیا، جس میں پوجا ہیگڑے بھی اہم کردار میں شامل ہیں۔ مرونل کی آنے والی فلموں میں ’پوجا میری جان‘ اور تیلگو فلم ’راکا‘ شامل ہیں۔