کیریبین جزیرے مارٹنیک میں واقع تاریخی آتش فشاں ماؤنٹ پیلے ایک بار پھر فعال ہو گیا ہے جس کے بعد ماہرین نے اس کی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 24 سے 31 جولائی کے دوران آتش فشاں کے قریب 124 زلزلے ریکارڈ کیے گئے جبکہ اس سے پچھلے ہفتے یہ تعداد 45 تھی۔ جولائی کے دوران مجموعی طور پر 331 آتش فشانی زلزلے ریکارڈ ہوئے۔
ماؤنٹ پیلے 1902 میں تاریخ کی بدترین آتش فشانی تباہ کاریوں میں سے ایک کا سبب بنا تھا۔ آتش فشاں سے نکلنے والے شدید گرم بادل نے سینٹ پیئر شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 30 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ماہرین کے مطابق زیرِ زمین میگما تہہ میں موجود چٹانوں پر زور ڈال کر اوپر آتا ہے اور ان کو چٹخا دیتا اس وجہ سے ایسے زلزلے آسکتے ہیں۔ تاہم، زلزلوں میں اضافہ لازماً آتش فشاں پھٹنے کی علامت نہیں۔ اگر بڑا دھماکا ہوا تو راکھ اور زہریلی گیسوں کے بادل شمالی مارٹنیک کو متاثر کرسکتے ہیں جبکہ فضا میں پھیلنے والی راکھ کی وجہ سے کیریبین کے فضائی سفر میں بھی خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔