ڈیٹنگ ایپ پر دوستی، باکو جانیوالی خاتون ممکنہ جنسی استحصال کے معاملے پر آف لوڈ، اہم انکشافات

مسافرہ نے ماضی میں اپنے جنسی استحصال اور جسمانی تشدد سے متعلق بھی اہم معلومات فراہم کیں


ویب ڈیسک August 09, 2026

ایف آئی اے نے مبینہ جعلی میڈیکل دستاویزات پر ملائیشیا جانے والے 2 مسافروں جب کہ باکو جانے  والی خاتون مسافر کو ممکنہ جنسی استحصال کے معاملے پر آف لوڈ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے امیگریشن سرکل نے خاتون کو آف لوڈ کر دیا، ملائیشیا جانے والے وسیم حیدر اور ساجد پرویز کو جعلی میڈیکل دستاویزات کے ذریعے اصل سفری مقصد چھپانے پر جب کہ باکو جانے والی حمنہ شکیل کو مشکوک سفری مقصد اور ممکنہ جنسی استحصال/انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا۔

خاتون حمنہ شکیل کو آذربائیجان کے شہر باکو جاتے ہوئے مشکوک سفری مقصد کی بنیاد پر مزید پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا، دوران تفتیش مسافرہ نے انکشاف کیا کہ وہ ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے رابطے میں آنے والے ایک شخص سے ملاقات کے لیے باکو جا رہی تھی جس کے عوض اسے مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے ملنے تھے جب کہ سفر اور رہائش کے اخراجات بھی مذکورہ شخص کی جانب سے برداشت کیے جانے تھے۔

مسافرہ کے موبائل فون کی رضاکارانہ جانچ کے دوران متعدد مشتبہ چیٹس اور ایسے رابطوں کا انکشاف ہوا جن میں رقم کے عوض جنسی ملاقاتوں سے متعلق گفتگو موجود تھی۔ 

مسافرہ نے ماضی میں اپنے جنسی استحصال اور جسمانی تشدد سے متعلق بھی اہم معلومات فراہم کیں جب کہ کراچی میں ایک مبینہ نیٹ ورک کے ذریعے اسے دیگر خواتین کے ساتھ رکھنے اور استحصال کیے جانے کے دعوے بھی سامنے آئے۔ 

ابتدائی معلومات کی روشنی میں حمنہ شکیل کے معاملے میں جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے پہلوؤں سمیت تمام حقائق کی جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں، مسافرہ کو متاثرہ فرد کے طور پر بھی مزید قانونی و حفاظتی پہلوؤں سے جانچا جا رہا ہے۔