ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر میجرجنرل محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کردیا، جس کے بعد صدر مسعود پزشکیان نے انہیں کونسل کا نیا سیکریٹری تعینات کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر کی جانب سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا کہ پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر میجرجنرل محسن رضائی کو سپریم لیڈر نے سپریم نیشنل کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے۔
سپریم لیڈر نے اعلامیے میں محسن رضائی کے حوالے سے کہا کہ آپ کے بیش بہا تجربے کی روشنی میں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں آپ کو اپنا نمائندہ مقرر کرتا ہوں اور آپ مقدس دفاع کا 8 سالہ تجربہ رکھنے والی اہم شخصیات میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ اس اہم ذمہ داری کو پوری کرنے میں مکمل طور پر کامیاب ہوں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اس موقع پر محمد باقر ذوالقدر کا شکریہ ادا کیا جو نئی تعیناتی سے قبل سپریم لیڈر کے نمائندے تھے۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اس پیش رفت کے بعد صدر مسعود پزشکیان نے محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا نیا سیکریٹری جنرل تعینات کردیا۔
ایرانی صدر کے ترجمان مہدی طباطبائی نے نئی تعیناتی کا اعلان کیا اور بتایا کہ محمد باقر ذوالقدر نئی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے اپنے موجودہ عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ محمد باقر ذوالقدر کو مارچ 2026 میں اسرائیل اور امریکا کے حملوں میں علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا سیکریٹری تعینات کردیا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ محمد باقر ذوالقدر کوسپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ کا سیاسی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔