اچکزئی کا نئے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کیلیے وزیراعظم کو خط

موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئینی مدت مکمل ہونے کے باوجود عہدے پر ہیں، شرکا، محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس


اسٹاف رپورٹر August 10, 2026

اسلام آباد:

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے آئینی عمل کے آغاز کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی، آئینی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محمود خان اچکزئی نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔

تحریک تحفظ آئین نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئینی مدت مکمل ہونے کے باوجود کام جاری رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرکے نئے الیکشن کمیشن کی تقرری کا عمل فوری شروع کریں۔

اجلاس میں بانی چیئرمین کی صحت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تحریک نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین کی ہمشیرگان اور ذاتی معالجین کو فوری ملاقات اور رسائی دی جائے۔

تحریک تحفظ آئین نے بانی چیئرمین کا الشفاء ہسپتال میں اہل خانہ اور ذاتی معالجین کی نگرانی میں مکمل طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

اجلاس میں بانی چیئرمین کی صحت اور رہائی کے معاملے پر پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور مشترکہ جدوجہد کے لیے بہتر رابطہ کاری پر زور دیا گیا۔

تحریک تحفظ آئین نے آزاد کشمیر میں سینیٹر مشتاق احمد خان، ان کے ساتھیوں اور گرفتار کشمیری مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

نئے صوبوں کے معاملے پر اے پی سی بلانے کا فیصلہ

دریں اثنا نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان نے نئے صوبوں کے حوالے سے اے پی سی بلانے کا بھی فیصلہ کیا، تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 28 ویں ترمیم کا شعبہ ظاہر کر دیا، اپوزیشن اتحاد کی جانب سے اس معاملے پر باقی جماعتوں کو بھی اینگیج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی متوقع ہے، اپوزیشن اتحاد امیر جماعت اسلامی، اے این پی، شاہد خاقان عباسی اور آفتاب شیر پاؤ سے بھی ملاقات کرے گا۔