سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مال روڈ راولپنڈی میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نا م سے ہوئی ہے جو پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم محمد حسین کے قبضے سے پارٹی پرچم ، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، ذرائع نے کہا کہ شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک دہشتگرد محمد حسین پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن تھا ، ہلاک دہشتگرد محمد حسین جماعت کی جملہ قیادت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئےان کی ہدایات پر عمل کرتا تھا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ احتجاجی دھرنوں کے دوران ہلاک دہشتگرد محمد حسین اشتعال انگیز ی ، پتھراؤ اور فائرنگ بھی ملوث رہا ہے، احتجاجی دھرنوں کے دوران ہلاک دہشتگرد محمد حسین سیکیورٹی فورسز کو اسلحہ کے ذریعہ نشانہ بناتا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ ہلاک دہشتگرد محمد حسین کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج مورخہ 11 اگست 2026 دن 11 بج کر 15 منٹ پر راولپنڈی کے مال روڈ پر محمد حسین ولد محمد باذ نامی شخص، جس کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا، نے اپنی پستول سے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے مَیں ایک اہلکار زخمی ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’فورا جوابی فائرنگ سے حملہ آور محمد حسین کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ اسکے موبائل فون اور دیگر سامان سے مزید شواہد اور تعلقات واضح ہوئے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔
بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتشار انگیزی کے خاتمے کے لئے ہر دم تیار ہیں اور کوشاں رہیں گےـ