بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے 24 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیلی ویژن پر بطور میزبان واپسی کا اعلان کردیا۔
اداکارہ اب مقبول کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے مراٹھی ورژن ’کون ہونار کروڑ پتی‘ کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی، جس کا پہلا پرومو بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ نے شو کے پہلے پرومو میں روایتی مہاراشٹرین انداز اپنایا ہے۔ سبز اور سنہری ساڑھی میں ملبوس اداکارہ نے روایتی سنہری زیورات اور مہاراشٹرین طرز کی نتھ پہن رکھی ہے، جس میں وہ انتہائی دلکش دکھائی دے رہی ہیں۔
پرومو میں مادھوری مراٹھی زبان میں شو کا تعارف کراتے ہوئے کہتی ہیں کہ جو پہلے کبھی نہیں ہوا، اب ہونے والا ہے۔ مہاراشٹر کے گھروں میں گفتگو کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگا، کیونکہ اب کھیل بدلنے والا ہے۔ اسی کے ساتھ وہ ناظرین کو ’کون ہونار کروڑ پتی‘ میں شرکت کی دعوت دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ شو جلد پیش کیا جائے گا۔
مادھوری نے انسٹاگرام پر بھی پرومو شیئر کرتے ہوئے نئے کردار کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اداکارہ نے لکھا کہ ’کون ہونار کروڑ پتی‘ کی میزبان کی حیثیت سے وہ اپنی زندگی کے ایک خاص نئے باب میں داخل ہورہی ہیں اور اس سفر کو شروع کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ گیم شو علم، خوابوں اور امکانات کے گرد گھومتا ہے اور وہ اس سفر کو ناظرین کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ مادھوری نے اسے نئی شروعات، نئی توانائی اور ایک ایسے کھیل کا آغاز قرار دیا جو اب تبدیل ہونے والا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ نے اگرچہ متعدد فلموں میں اداکاری کے علاوہ مختلف ڈانس ریئلٹی شوز میں بطور جج بھی ذمے داریاں نبھائی ہیں، تاہم ’کون ہونار کروڑ پتی‘ ان کی 24 سال بعد ٹیلی ویژن پر بطور میزبان واپسی ہوگی۔
’کون ہونار کروڑ پتی‘ کا آغاز پہلی بار 2013 میں ہوا تھا اور اس سے قبل سچن کھیڈیکر، سواپنل جوشی اور ناگراج منجولے سمیت کئی معروف شخصیات اس شو کی میزبانی کرچکی ہیں۔ اب مادھوری ڈکشٹ میزبان کی نشست سنبھالیں گی اور شو کے معروف کوئز فارمیٹ میں اپنی منفرد شخصیت اور انداز شامل کریں گی۔
شو کے دوران مادھوری امیدواروں سے گفتگو کریں گی، ان کی ذاتی زندگی اور جدوجہد کی کہانیاں سنیں گی اور مشکل سوالات کے جوابات دینے کے دوران ان کا ساتھ دیں گی۔ پروگرام کا مقصد صرف سوال و جواب تک محدود نہیں بلکہ علم کے ذریعے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے، غیر معمولی کہانیوں کو سامنے لانے اور بڑے خواب دیکھنے کے حوصلے کو اجاگر کرنا بھی ہے۔
’کون ہونار کروڑ پتی‘ سونی مراٹھی پر نشر کیا جائے گا جبکہ ناظرین اسے سونی لِو پر بھی آن لائن دیکھ سکیں گے۔ تاہم پروگرام کی باقاعدہ پہلی قسط نشر ہونے کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔