بھارتی پائلٹ کا چرس پی کر جہاز اُڑانے کا انکشاف؛ طیارہ تیزی سے 300 فٹ نیچے گرنے لگا

طیارے میں 137 مسافر اور 8 رکنی عملہ سوار تھا


ویب ڈیسک August 11, 2026
بھارتی پائلٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے

بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے پائلٹ کے چرس پی کر 137 مسافروں اور عملے کے 8 ارکان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پرواز 4 اگست کو فوکٹ سے نئی دہلی جارہی تھی اور دورانِ پرواز اچانک تقریباً 300 فٹ نیچے آگئی تھی جس کے نتیجے میں متعدد مسافر اور عملے کے ارکان زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد طیارے کے دونوں پائلٹس کے لازمی طور پر نفسیاتی اثر رکھنے والے مادوں کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ طیارے کے کپتان کا ابتدائی ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد ضابطے کے تحت اس کا نمونہ تصدیقی ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا۔

منگل کو سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق تصدیق کے لیے بھیجا گیا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا اور ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ٹیسٹ میں ماریجوانا یعنی چرس کے استعمال کی نشاندہی ہوئی ہے۔

واقعے کے وقت جہاز کا پائلٹ اپنی نشست پر موجود نہیں تھا اور فرسٹ آفیسر طیارہ اڑا رہا تھا۔ اچانک بلندی میں کمی کے باعث وہ افراد زیادہ متاثر ہوئے جو اپنی نشستوں پر سیٹ بیلٹ باندھے بغیر موجود تھے۔

بھارتی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کے مطابق واقعے میں مسافر اور عملے کے ارکان زخمی ہوئے جبکہ بعض افراد کو کمر اور گردن کے حصے میں چوٹیں آئیں۔

یہ نکتہ انتہائی اہم ہے کہ دوسرا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا مطلب لازماً یہ ثابت نہیں کرتا کہ پائلٹ واقعے کے وقت نشے کی حالت میں تھا۔

حکام نے ابھی تک یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ پرواز کے دوران پائلٹ ماریجوانا کے اثر میں تھا یا طیارے کے اچانک 300 فٹ نیچے جانے کی وجہ اس کا مبینہ منشیات استعمال تھا۔

بھارتی وزارتِ شہری ہوا بازی نے واضح کیا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین مکمل شواہد اور تحقیقات کی بنیاد پر کیا جائے گا اور کسی ایک اطلاع کی بنیاد پر نتیجہ اخذ نہیں کیا جانا چاہیے۔

واقعے کے بعد کپتان اور فرسٹ آفیسر دونوں کو روسٹر سے ہٹا دیا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک وہ پرواز نہیں کر رہے۔

بھارتی وزارتِ شہری ہوا بازی نے بتایا کہ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تحقیقاتی ٹیم طیارے کے تکنیکی نظام، فلائٹ ڈیٹا، آپریشنل اور مینٹیننس ریکارڈز، طبی معلومات اور متعلقہ افراد کے بیانات کا جائزہ لے رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد واقعے کی اصل وجوہات اور اس میں کردار ادا کرنے والے عوامل کا تعین کرنا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات تجویز کرنا ہے۔