علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلبا سے خطاب


ویب ڈیسک August 12, 2026

اسلام آباد:

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے طلبہ کیساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، پروگرام میں پاکستان بھر کے 21 اسٹیشنز سے 6,150 سے زائد طلبا و طالبات شریک ہوئے۔

میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں دہشت گردی، فتنہ الہندوستان، ریاست مخالف پروپیگنڈا، افغانستان، سوشل میڈیا اور گورننس پر اظہارِ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے بچوں سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد عناصر تشدد کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق، بالخصوص لاپتہ افراد کے عنوانات کو ریاست مخالف بیانیے اور دہشت گردی کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف حکومت بلوچستان اور سکیورٹی فورسز مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔

سرفراز بگئی نے کہا کہ افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کے حوالے سے افغان عبوری حکومت کو اپنے عالمی وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی، مقبول بیانیہ ہمیشہ حق کا بیانیہ نہیں ہوتا، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حق کا ساتھ دینا ہے، بلوچستان کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے، بلوچ عوام کی ترقی، خوشحالی اور بقا پاکستان کی مضبوطی میں ہے۔