ریٹائرمنٹ سے پہلے قائم علی شاہ کی بیٹی کی 3 سال کیلیے پروفیسر تقرری پر وزیراعلیٰ سندھ کی وضاحت

ڈاکٹر نگہت سابق وزیراعلیٰ سندھ کی بیٹی ہیں، تین سال کنٹریکٹ کی بنیاد پر قانون کے مطابق تقرری کی گئی ہے، مراد علی شاہ



وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی پی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی ریٹائرمنٹ سے چند گھنٹے قبل جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں بطور پروفیسر تقرری کے معاملے پر وضاحت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ کی تجویز اور ہدایت کی روشنی میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی بیٹی کو ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل پروفیسر تعینات کیا گیا۔

صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ کو تین سال کیلیے بطور پروفیسر تعینات کیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اس معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کی تقرری مکمل طور پر کنٹریکٹ اور مقررہ پالیسی فریم ورک کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی تقرری طبی تدریسی اداروں میں تجربہ کار پروفیسرز کی تعیناتی سے متعلق جے پی ایم سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق ہے۔