حنا خان نے اپنی ازدواجی زندگی کے مشکل ترین دور کی اہم بات بتادی

’کینسر کے علاج کے دوران اپنے شوہر راکی کو دوسری شادی کا کہہ دیا تھا‘، حنا خان


ویب ڈیسک August 12, 2026

بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی کٹھن مرحلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ کینسر کے علاج کے دوران انہوں نے اپنے شوہر راکی جیسوال کو دوسری شادی کرنے تک کا مشورہ دے دیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق ان کے رشتے کو عام اختلافات کے بجائے صحت سے جڑے ایسے سنگین حالات نے آزمایا جنہوں نے ان کی محبت اور وابستگی کا حقیقی امتحان لیا۔

حنا خان نے اپنے پوڈکاسٹ میں راکی جیسوال کے ساتھ اپنے طویل تعلق اور بیماری کے دوران پیش آنے والے حالات پر تفصیلی گفتگو کی۔ 38 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ اپنی بیماری اور راکی کی والدہ کی علالت کے دوران کئی ایسے مواقع آئے جب انہوں نے اپنے شوہر سے کہا کہ اگر حالات معمول پر نہ آسکیں تو وہ کسی اور سے شادی کرلیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے راکی کو یہ بھی یقین دلایا کہ اگر وہ اپنی زندگی میں کسی اور شخص کو منتخب کرتے ہیں تو وہ ان کے فیصلے پر خوش ہوں گی۔ حنا کے مطابق وہ راکی سے اتنی محبت کرتی ہیں کہ ان کے لیے اپنی خوشی سے زیادہ راکی کی خوشی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ بات راکی کو آزمانے کے لیے نہیں کہی گئی تھی بلکہ وہ حقیقتاً چاہتی تھیں کہ اگر حالات ان کے حق میں نہ ہوں تو راکی اپنی زندگی آگے بڑھائیں۔

حنا خان نے کہا کہ یہی وہ وقت تھا جب ان کے رشتے میں محبت کا حقیقی امتحان ہوا، تاہم راکی نے بیماری کے اس مشکل سفر میں ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اداکارہ کے مطابق اس دوران انہیں کئی سخت فیصلے کرنا پڑے اور وہ تمام اہم فیصلے دونوں نے مل کر کیے۔ حنا نے اعتراف کیا کہ جو لوگ اس وقت ان کے قریب تھے، وہ جانتے ہیں کہ راکی کے تعاون کے بغیر ان کے لیے اس مشکل دور سے گزرنا شاید ممکن نہ ہوتا۔

اداکارہ نے راکی جیسوال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیماری اور مشکلات کے پورے سفر کو اس انداز میں آسان بنا کر پیش کیا جیسے یہ سب کچھ معمولی ہو۔ حنا کے مطابق راکی کی موجودگی نے مشکل حالات کا سامنا کرنے میں انہیں بہت حوصلہ دیا۔

حنا خان نے اپنی اور راکی جیسوال کی شادی کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دینے والی قیاس آرائیوں پر بھی بات کی۔ کچھ لوگوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں نے رئیلٹی شو ’پتی، پتنی اور پنگا‘ کی وجہ سے تشہیر حاصل کرنے کے لیے شادی کی۔ اس پر حنا نے کہا کہ انہیں لوگوں کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ اور راکی حقیقت جانتے ہیں۔ ان کے بقول اگر ہر معاملے کو صرف پبلسٹی کے زاویے سے دیکھا جائے تو اصل حقیقت کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔

حنا نے بتایا کہ وہ اور راکی تقریباً 13 سے 14 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ شاید وہ اب بھی شادی نہ کرتے۔ اداکارہ کے مطابق شادی کا فیصلہ کئی ماہ قبل ہی کرلیا گیا تھا جبکہ اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے لیے بھی خاصی پہلے سے منصوبہ بندی درکار ہوتی ہے۔

حنا خان اور راکی جیسوال کی محبت کا آغاز ڈراما ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے سیٹ سے ہوا تھا۔ حنا نے اس ڈرامے میں اکشرا کا کردار ادا کیا جبکہ راکی وہاں سپروائزنگ پروڈیوسر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ وقت کے ساتھ دونوں کی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور 13 سال سے زائد عرصے تک رشتے میں رہنے کے بعد دونوں نے گزشتہ برس شادی کرلی۔