ملکی تاریخ میں پہلی بار عوام کو 1 چھت تلے سہولیات فراہم کرنے کیلیے مرکز کی تعمیر شروع

خدمت مرکز میں لائسنسز، این او سیز، ویزا، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر تمام عوامی سہولتیں دستیاب ہوں گی


ویب ڈیسک August 12, 2026

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارت داخلہ اور تمام ذیلی اداروں کی مکمل سہولتیں ایک چھت تلے ملیں گی، جس کے تحت ایف 6 میں جدید ترین خدمت مرکز تعمیر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطباق وزارت داخلہ کے تحت ذیلی اداروں کی سہولیات عوام کو ایک چھت تلے فراہم کرنے کیلیے وزارت داخلہ کے جدید ترین پہلے خدمت مرکز کی تعمیر شروع ہوگئی۔

خدمت مرکز میں لائسنسز، این او سیز، ویزا، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور وزارتِ داخلہ کے زیرِ انتظام دیگر تمام عوامی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف6 میں زیرِ تعمیر  خدمت مرکز کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں  کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام کو منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جس قدر جلد ہو خدمت مرکز کو فنکشنل کیا جائے، خدمت مرکز میں جدید پبلک ڈیلنگ ہال، سروس کاؤنٹرز اور کشادہ ویٹنگ ایریا قائم کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خدمت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تیز، آسان اور باوقار سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔ جدید، مربوط اور عوام دوست سروس ڈلیوری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایف6 کا خدمت مرکز ایک ماڈل منصوبہ ہے، جلد دیگر شہروں میں بھی عوام کی سہولت کے لیے ایسے خدمت مراکز قائم کیے جائیں گے۔ 

وزیر داخلہ کو خدمت مرکز کے منصوبے اور تعمیراتی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔