کورین گروپ بی ٹی ایس کے سنگر کی سماعت متاثر ہونے کا انکشاف

گلوکار نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی برس سے انہیں سماعت کے مسئلے کا سامنا ہے


ویب ڈیسک August 12, 2026

جنوبی کورین میوزک گروپ بی ٹی ایس کے معروف رکن وی، جن کا اصل نام کم تہہیونگ ہے، نے فوجی سروس سے واپسی کے بعد مداحوں سے گفتگو کے دوران اپنی صحت سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ گلوکار نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی برس سے انہیں سماعت کے مسئلے کا سامنا ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔

وی نے یہ انکشاف گروپ کے ساتھی رکن جنگ کوک کے ہمراہ ویورس پر لائیو نشریات کے دوران کیا۔ مداحوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے دونوں کانوں کی سماعت میں واضح فرق ہے۔ ان کے مطابق اگر بائیں کان سے سماعت کی صلاحیت کو 100 تصور کیا جائے تو دائیں کان سے یہ صرف 30 کے قریب رہ گئی ہے۔

وی اور جنگ کوک نے یہ لائیو سیشن امریکا کے شہر بالٹی مور میں گروپ کے فروخت شدہ کنسرٹ کے اگلے روز کیا۔ بی ٹی ایس نے ایم اینڈ ٹی بینک اسٹیڈیم میں مسلسل دو راتوں تک شاندار پرفارمنس دی تھی، جس کے بعد دونوں فنکاروں نے مداحوں سے براہ راست گفتگو کی۔

اسی دوران جنگ کوک نے بھی اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ وہ ٹور کے دوران ٹانگوں میں درد کے باوجود پرفارم کر رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی پنڈلی کی ہڈی میں درد اس مقام تک پہنچ چکا ہے جہاں اسٹریس فریکچر کا خطرہ ہوتا ہے۔

جنگ کوک نے بتایا کہ اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے بھی ان کا دل چاہتا تھا کہ وہ بھرپور انداز میں دوڑیں اور حرکت کریں، تاہم درد اتنا زیادہ تھا کہ بعض مواقع پر وہ ایسا نہیں کر سکے۔

واضح رہے کہ بی ٹی ایس کے تمام ارکان نے جنوبی کوریا میں لازمی فوجی سروس مکمل کرنے کے بعد گروپ کی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔ گروپ نے البم ’ARIRANG‘ کے ساتھ واپسی کی، جس کے بعد عالمی میوزک ٹور بھی شروع کیا گیا ہے۔