پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا سہارا مل گیا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہوگا


ویب ڈیسک August 13, 2026

پاکستان کے خلاف  شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کو بڑا سہارا مل گیا۔

انگلینڈ کے اوپنر ایمیلیو گے کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل تین روزہ وارم اپ میچ کے لیے پی سی سی سلیکٹ الیون کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

پاکستان کے خلاف وارم اپ میچ پہلے چار روزہ شیڈول تھا، تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان اتفاق کے بعد اسے تین روز تک محدود کردیا گیا ہے۔ میچ بدھ سے شروع ہوگا۔

ایمیلیو گے کو گزشتہ ہفتے ڈرہم کی جانب سے مڈل سیکس کے خلاف ون ڈے کپ میچ کھیلتے ہوئے دائیں کندھے میں انجری ہوئی تھی۔ وہ 17 گیندوں پر 9 رنز بنانے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

گزشتہ ہفتے اسکین کے بعد انجری کی تصدیق ہوئی تھی جس کے باعث پاکستان کے خلاف وارم اپ میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی تھی، تاہم اب انہیں اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

پی سی سی سلیکٹ الیون میں شعیب بشیر اور میتھیو فشر کو بھی شامل کیا گیا جبکہ ٹیم کی کوچنگ انگلینڈ انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک یارڈی کریں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہوگا۔