بریڈ پٹ کا زندگی کے مشکل ترین دور میں خودکشی کے خیالات آنے کا انکشاف

اداکار نے سات سال تک شراب سے مکمل پرہیز کیا مگر کچھ عرصے بعد وہ دوبارہ محدود مقدار میں شراب نوشی کرنے لگے


ویب ڈیسک August 13, 2026

ہالی ووڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جس میں انہیں خود کو ختم کرنے کا دل چاہا۔

بریڈ پٹ نے ایسکوائر میگزین کو حالیہ دیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی کے کچھ تلخ لمحات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا آیا جب وہ شدید تکلیف سے گزر رہے تھے اور اس دوران انہیں اس سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اس ہی وقت انہیں خودکشی کرنے کا خیال آیا کیونکہ اس ہی طرح وہ اپنی تکلیفوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ مگر انہوں نے ان خیالات پر عمل نہیں کیا کیونکہ ان کی زندگی بچانے کی فطری جبلت فوراً غالب آگئی۔

اداکار نے شراب نوشی سے متعلق بھی گفتگو کی اور بتایا کہ انہوں نے سات سال تک شراب سے مکمل پرہیز کیا، تاہم بعد میں دوبارہ محدود مقدار میں شراب نوشی شروع کر دی۔

بریڈ پٹ اس سے قبل بھی شراب نوشی چھوڑنے اور اپنی بحالی کے سفر کے بارے میں کھل کر بات کر چکے ہیں اور اس سلسلے میں اداکار بریڈلی کوپر کی مدد کا بھی اعتراف کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ بریڈ پٹ گزشتہ تین دہائیوں سے ہالی ووڈ کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ’فائٹ کلب‘، ’اوشنز الیون‘ اور ’ونس اپون اے ٹائم اِن ہالی ووڈ‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔