والد کی وفات کے بعد میسی کی فٹبال میں مایوس کن واپسی، انٹر میامی لیگز کپ سے باہر

وہ میچ کے دوسرے ہاف میں میدان میں اترے تو شائقین نے بھرپور تالیوں سے ان کا استقبال کیا


اسپورٹس ڈیسک August 13, 2026

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی والد کی وفات کے بعد جذباتی کیفیت میں میدان میں واپس آئے تاہم ان کی واپسی مایوس کن ثابت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے کلب لیون نے دلچسپ مقابلے میں انٹر میامی کو 2-3 سے شکست دے کر لیگز کپ سے باہر کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

انٹر میامی نے ابتدا میں ایک گول کی برتری حاصل کی لیکن لیون کے کولمبین کھلاڑی ڈینیئل ارسیلا کے دو گولز نے میچ کا رخ بدل دیا۔

39 سالہ میسی اپنے والد خورخے میسی کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد منگل کی رات فلوریڈا واپس پہنچے تھے۔

وہ میچ کے دوسرے ہاف میں میدان میں اترے تو شائقین نے بھرپور تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔

اس سے قبل میسی نے سوشل میڈیا پر والد کے لیے جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے فٹبال جاری رکھنے کے حوالے سے بھی شکوک کا اظہار کیا۔

یہ 2023 میں ٹورنامنٹ کی توسیع کے بعد پہلا موقع ہے جب انٹر میامی ابتدائی مرحلے ہی میں باہر ہوئی ہے۔

میسی کی قیادت میں انٹر میامی نے 2023 میں ٹائٹل جیتا تھا جبکہ 2025 میں وہ فائنل تک پہنچی مگر سیئٹل ساؤنڈرز سے 0-3 سے ہار گئی تھی۔