راولپنڈی: رخصتی کے دن گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والی 17 سالہ لڑکی بھائی کے ہاتھوں قتل

بیٹی شوہر کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر تھی اور 4 دن قبل میرا بیٹا صلح صفائی کر کے بہن کو کراچی سے واپس لے آیا تھا


ویب ڈیسک August 13, 2026

گوجر خان میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا کہ واقعہ گوجر خان کے علاقے سکھو روڈ کے قریب پیش آیا، قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقتولہ کے والد نے الزام لگایا میری بیٹی کو میرے بیٹے نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔

والد نے بتایا کہ بیٹی نے جنوری میں رخصتی کے دن گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی۔

مقتولہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹی اپنے شوہر کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر تھی اور 4 دن قبل میرا بیٹا صلح صفائی کر کے بہن کو کراچی سے واپس لے آیا تھا۔

والد نے یہ بھی بتایا کہ بیٹے نے میری بیٹی اور اس کے شوہر کو کرائے کا گھر لے کر دیا تھا، گزشتہ روز جب بیٹی کو دیکھنے پہنچا تو گھر میں شور شرابہ چل رہا تھا اور بیٹے نے ہمیں دیکھتے ہی پستول نکالا اور میری بیٹی پر فائرنگ کر دی۔