خواتین سے متعلق متنازع بیان پر شہود علوی کی وضاحت

اداکار کی وضاحت کے بعد بھی سوشل میڈیا صارفین مطمئن نظر نہیں آرہے


ویب ڈیسک August 13, 2026

پاکستانی سینئر اداکار شہود علوی نے خواتین سے متعلق اپنے حالیہ متنازع بیان پر شدید تنقید کے بعد وضاحت پیش کر دی۔

شہود علوی نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے گھریلو خواتین کو بدبودار قرار دیا تھا جس کے بعد ان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تنازع بڑھنے کے بعد اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو جس انداز میں لیا گیا، ان کا مقصد وہ نہیں تھا اور وہ اپنی بات کا اصل مفہوم واضح کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’شو کے دوران ایک خاتون کی کال آئی تھی جو پوچھ رہی تھیں کہ جب بھی ان کا شوہر گھر پر آتا ہے تو فون میں مصروف ہو جاتا ہے۔ اس پر میں خواتین کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہا تھا کہ اگر وہ اپنا خیال نہیں رکھیں گی تو ایسے ہی مرد باہر دیہان دیں گے۔‘‘

شہود نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرے بارے میں لوگ سوچ رہے ہیں کہ میں خواتین کی عزت نہیں کرتا۔ ایسا نہیں ہے کیونکہ میں تو عورتوں کو پراعتماد اور طاقتور دیکھنا چاہتا ہوں۔ میرے گھر میں بھی بیوی، بیٹیاں اور بہنیں ہیں، میں نے انکو سب آسائشیں دی ہیں جس کی وجہ سے وہ گھر میں بھی ٹم ٹاپ رہتی ہیں۔‘‘

شہود علوی کی وضاحت کے بعد بھی سوشل میڈیا صارفین مطمئن نظر نہیں آئے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا ’لگتا ہے کسی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا‘ جبکہ دیگر صارفین نے مشہور شخصیات کو حساس موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کے انتخاب میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔

دیکھیں شہود نے خواتین سے متعلق کیا کہا تھا: