کراچی:
نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی کا فیروزآباد پولیس اسٹیشن میں ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا، جس میں اہم افسران سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق اجلاس تقریباً پونے چار گھنٹے جاری رہا جس میں ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی، ایس ایس پی علی رضا، ایس پی انویسٹی گیشن قیس خان اور ڈی ایس پی سراج لاشاری سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
سابق ڈی ایس پی شاہراہ فیصل ارشد آفریدی اور سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کو بھی طلب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میر رضا کی لاش کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ موبائل افسر سے لے کر ڈی ایس پی رینک تک کے افسران و اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کو ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے والی سی پی ایل سی کی ٹیم بھی اجلاس میں شریک ہوئی۔
اجلاس ختم ہونے کے بعد تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان جائے وقوعہ اور کرائم سین کے معائنے کے لیے پہنچے جہاں ڈی ائی جی نے نرسری کے ملازمین سے معلومات حاصل کیں۔
ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ تفتیش جاری ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے بات کروں گا، تحقیقاتی ٹیم اب جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی۔