نیوزی لینڈ نے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کی چوتھی مدت کے لیے دوبارہ انتخاب کی حمایت واپس لے لی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ نے عالمی فٹبال تنظیم کی قیادت پر اعتماد اور شفافیت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
نیوزی لینڈ فٹبال کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو پراگنیل کے مطابق فیفا کے کمرشل حقوق میں نجی سرمایہ کاری سے متعلق ناکام منصوبے کی آزادانہ تحقیقات ضروری ہیں تاکہ قیادت پر اعتماد بحال کیا جاسکے۔
انفانٹینو کو اس معاملے پر متعدد فٹبال کنفیڈریشنز کی جانب سے مخالفت کا سامنا ہے۔
یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور کونکاکاف پہلے ہی ان کی قیادت اور مذکورہ منصوبے کے طریقہ کار پر نظرثانی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
دوسری جانب افریقی اور جنوبی امریکی فٹبال کنفیڈریشنز نے انفانٹینو کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اوشیانا فٹبال کنفیڈریشن نے بھی فیفا کی موجودہ قیادت کے تحت خطے میں فٹبال کی ترقی کو سراہتے ہوئے محتاط انداز میں تنظیم کی حمایت کی ہے۔
او ایف سی نے کہا کہ تجارتی منصوبہ واپس لینے کے فیصلے کے بعد جائزے کو مستقبل میں ضروری اصلاحات کا موقع بنایا جانا چاہیے۔