اسحاق ڈار کا مصری وزیر خارجہ سے رابطہ، چینی سفیر سے ملاقات

رابطوں میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال


ویب ڈیسک August 14, 2026

اسلام آباد:

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان  ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے پاکستان کے یومِ آزادی پر قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، جس میں اعلیٰ سطح کے تبادلے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینا بھی شامل ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

چینی سفیر سے ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈانگ نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم نے براڈ پیک واقعے میں چینی کوہ پیما کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور چینی کوہ پیما کی میت کی واپسی کے لیے مکمل سہولت کی یقین دہانی کرائی۔

چینی سفیر نے واقعے کے بعد پاکستان کی فوری معاونت اور تعاون کو سراہا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور چینی سفیر کے درمیان علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی سفیر نے پاکستانی عوام اور قیادت کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور چین کے قریبی اور آزمودہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔