بدلتے سیکیورٹی چیلنجز میں سابق فوجیوں کا تجربہ قیمتی اثاثہ ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے فیلڈ مارشل کا خطاب، وطن کے لیے خدمات پر خراج تحسین


ویب ڈیسک August 15, 2026

راولپنڈی:

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے سیکیورٹی چیلنجز میں سابق فوجیوں کا تجربہ قیمتی اثاثہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کے سابق فوجیوں (ویٹرنز) کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر انہوں نے سابقہ فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل وابستگی ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے تیزی سے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے ماحول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کے تجربات سے استفادہ اہم ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس تقریب میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کے دفاع میں سابقہ فوجیوں کی گراں قدر خدمات اور زندگی بھر کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور قومی استقامت کو مضبوط بنانے میں ان کے دیرپا کردار کا اعتراف کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سابقہ فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل وابستگی ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، خاص طور پر سیکیورٹی کے تیزی سے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے ماحول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اس کی خصوصی اہمیت ہے۔

دریں اثنا سابقہ فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مسلح افواج کے ساتھ اپنے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کا بھی عہد کیا۔