بھارت کے سابق کپتان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر سارو گنگولی نے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے پر خاموشی توڑ دی۔
کولکتہ میں جمعے کے روز ایک اسٹور کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سارو گنگولی نے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کی تصدیق کردی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔
گنگولی کا کہنا تھا کہ معاملہ پولیس کے علم میں لایا جاچکا ہے اور انہیں امید ہے کہ حکام اس حوالے سے مناسب کارروائی کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں سیکیورٹی بھی حاصل ہے اور امید ہے کہ پولیس جلد اس معاملے کو حل کرے گی۔
رپورٹس کے مطابق تھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں گنگولی اور ان کے خاندان کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے۔
شکایت میں بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران دھمکی آمیز خطوط موصول ہوتے رہے۔
حالیہ دنوں میں دو خطوط میں مبینہ طور پر ’ختم کردو‘ اور ’موت کے گھاٹ اتارو‘ جیسے الفاظ استعمال کیے گئے جس کے بعد خاندان نے پولیس سے رجوع کیا۔
گنگولی نے دھمکیوں کے ممکنہ ذمہ داروں کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔