جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے انصار پر اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔
لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملہ ہفتے کی علی الصبح کیا گیا، جو 20 جون کو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے نفاذ کے بعد ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ناباتیہ ضلع میں انصار کے مضافات اور ناباتیہ الفوقا کے اطراف میں 3 فضائی حملے کیے۔
این این اے کے مطابق انصار کے مضافات میں زراعیہ کی جانب ایک مکان کو علی الصبح اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کو ناباتیہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔