ایپل کی جانب سے 110 ممالک کے صارفین کو سیکیورٹی الرٹ جاری!

انتباہ میں ڈیوائس کو ممکنہ طور پر مرسنری اسپائی ویئر حملے کا نشانہ بننے سے متعلق بتایا گیا


ویب ڈیسک August 15, 2026

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دنیا کے 110 ممالک میں بعض آئی فون صارفین کو خطرناک سیکیورٹی الرٹس بھیجے ہیں، جن میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ ان کی ڈیوائس کو ممکنہ طور پر مرسنری اسپائی ویئر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

صارفین کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایپل نے ان کے آئی فون کو ہدف بنانے والے مرسنری اسپائی ویئر حملے کا پتا لگایا ہے اور انہیں اپنے ڈیٹا اور ڈیوائس کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

یہ الرٹس ایپل کے ان جدید سکیورٹی فیچرز کا حصہ ہیں جنہیں کمپنی نے طاقتور اور پیچیدہ سائبر حملوں کی نشاندہی اور ان سے متاثر ہونے والے صارفین کو خبردار کرنے کے لیے متعارف کرایا ہے۔

ایپل نے پہلی مرتبہ 2021 میں تھریٹ نوٹیفکیشنز کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اس کے بعد کمپنی مختلف مواقع پر 150 سے زائد ممالک میں صارفین کو ایسے الرٹس بھیج چکی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ نوٹیفکیشنز ان صارفین کو آگاہ اور مدد فراہم کرنے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں جنہیں ان کی شناخت، پیشہ ورانہ سرگرمیوں یا دیگر وجوہات کی بنا پر ممکنہ طور پر مرسنری اسپائی ویئر حملوں میں انفرادی طور پر نشانہ بنایا گیا ہو۔

ماہرین کے مطابق عام سائبر حملوں کے مقابلے میں مرسنری اسپائی ویئر انتہائی جدید اور مہنگا حملہ ہوتا ہے، اس لیے ایپل کی جانب سے ایسا الرٹ موصول ہونے والے صارفین کو اسے معمولی سکیورٹی وارننگ سمجھنے کے بجائے سنجیدگی سے لینا چاہیے اور کمپنی کی تجویز کردہ حفاظتی اقدامات پر فوری عمل کرنا چاہیے۔