کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ  مقابلوں میں 5 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔

ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق لیاقت آباد سوکھا گراؤنڈ، اعظم نگر کے قریب مسلح ملزمان سے مقابلے کے بعد خرم ولد شہریار اور محمد ثاقب ولد عبدالصمد نامی ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول، 4 زندہ راؤنڈز، موبائل فون، نقدی اور سرخ رنگ کی ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزم خرم کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل گلستان جوہر کی حدود سے چھینی گئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ گلستان جوہر میں درج ہے۔

جبکہ محمد ثاقب سے برآمد موبائل فون لیاقت آباد میں ایل پی جی گیس شاپ پر ڈکیتی کے دوران چھینا گیا تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

پولیس مقابلے کے حوالے سے تھانہ لیاقت آباد میں تین مزید مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید  اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب سپر مارکیٹ پولیس کا فٹبال گراؤنڈ سی ون ایریا، الیاس گوٹھ کے قریب مسلح ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کاشف ولد اشفاق نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور 2 زندہ راؤنڈز برآمد ہوئے، جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

ادھر ترجمان ضلع ایسٹ کے مطابق گلشن اقبال بلاک 7 میں ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد اکرم غنی ولد خیر غنی۔نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

ملزم سے غیر قانونی پستول، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بن قاسم  اسٹیل مل پل کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ترجمان ضلع ملیر جب  مطابق پولیس مقابلے کے نتیجے میں ارشاد علی ولد قربان علی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ راؤنڈز اور موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔