سڑکوں کو ریسنگ ٹریک سمجھنے والوں کی اب خیر نہیں، مقدمات شروع

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی ویڈیوز کے خلاف اب سخت ایکشن ہوگا


ویب ڈیسک August 16, 2026

سڑکوں کو ریسنگ ٹریک سمجھنے والوں کی اب خیر نہیں، مقدمات شروع ہوگئے جب کہ سی ٹی او لاہور نے ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی ویڈیوز کے خلاف اب سخت ایکشن ہوگا، جبکہ زگ زیگ، روڈ بلاکنگ، ڈرفٹنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے ڈرائیورز اور گاڑیوں کی شناخت کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے 3 مختلف واقعات میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، تھانہ فیکٹری ایریا، تھانہ نارتھ کینٹ اور تھانہ سبزہ زار میں مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے چالان نہیں بلکہ مقدمات درج ہوں گے، ون ویلنگ، ڈرفٹنگ، روڈ ریج اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کی صلاحیتوں کو تعمیری کاموں میں وقف کریں۔

سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ ریج، روڈ بلاکنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز 03225638888 پر واٹس ایپ کریں۔