طالبان رجیم کے افغانستان پر قبضے کے 5 سالہ بدترین دور میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی تشویش

بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور دہشتگردوں کی سرپرستی افغان طالبان رجیم کی پہچان بن چکی ہے


ویب ڈیسک August 16, 2026

طالبان رجیم کے افغانستان پر قبضے کے 5 سالہ بدترین دور میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی تشویش برقرار ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور دہشتگردوں کی سرپرستی افغان طالبان رجیم کی پہچان بن چکی ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 56 رکن ممالک نے افغان طالبان رجیم کے خلاف مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے 5 سال مکمل ہونے پر افغان عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ طالبان رجیم میں افغانستان کو انسانی حقوق، انسانی امداد، معیشت اور سلامتی کے حوالے سے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، یہ صورتحال افغان عوام پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور ہمسایہ ممالک سمیت پورے خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ افغانستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں لڑکیوں کو ثانوی اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ 56 ممالک کے مشترکہ بیان میں افغان سرزمین پر موجود دہشتگرد گروہ کو علاقائی سلامتی کے لیے مشترکہ خطرہ قرار دیا گیا، جبکہ افغان طالبان رجیم سے افغان سرزمین پر موجود دہشتگرد تنظیموں کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

56 ممالک کا طالبان رجیم کے خلاف مشترکہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ رجیم کی آمرانہ طرز حکمرانی اور ظالمانہ پالیسیاں افغانستان کو عالمی تنہائی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔