ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے پرزور انداز میں کہا ہے کہ ملک کے جائز حقوق کی بحالی اور خطے میں جارح دشمن امریکا اور اسرائیل کو مکمل شکست دیے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے بیان میں کہا گیا کہ ایران کے ثابت قدم عوام کے آہنی حوصلے اور مضبوط عزم کو سراہتے ہیں اور مسلح افواج یقین دلاتی ہیں کہ جب تک بہادر ایرانی قوم کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا جاتا، امریکا اور اسرائیل کی مکمل شکست تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ مزاحمت کی میراث ایران کی نئی نسل میں منتقل ہو گئی ہے، ایران کی نئی نسل دنیا کی طاقت ور فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہی اور دشمن کے ہتھیار ڈالنے تک ایران اپنے جائز حقوق کی جد و جہد جاری رکھے گا جبکہ امریکا خطے پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی مسلح افواج نے کہا کہ ایران کے آزادی پسند نوجوانوں نے دنیا کی سب سے بڑی فوج اور جارح امریکا کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اس کے جنونی رہنماؤں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔
بیان میں کہا گیا کہ عوام نے امریکی قیادت میں عالمی غنڈہ گردی، بالادستی کے عزائم اور دہشت گردی کے خلاف مقابلے کے لیے مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیا اور مزید ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں۔