اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حمایت کے اظہار کا خیر مقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر صدر ٹرمپ کے حمایت کے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان اپنے ملکوں سمیت پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو روکنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار امن ہمارے عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم شرط ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے خطے میں ایک نئے سیکیورٹی اتحاد کی بنیاد رکھ دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ’’بڑا، جرات مندانہ اور پہلا اہم قدم‘‘ قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے پر بہت خوش ہیں۔ ان کے بقول یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک باہمی تعاون کے ذریعے خطے کی سلامتی کو مضبوط بنانے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اپنی حفاظت زیادہ مؤثر انداز میں کرسکتے ہیں۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دستخط کیا تھا۔