ٹرمپ کی عمان پر بمباری کی دھمکی؛ ایران کو ہتھیار ڈال کر سفید جھنڈا لہرانے کا مشورہ

ایران جنگ میں امریکا کے صرف مونگ پھلی کے دانے جتنے ہتھیار استعمال ہوئے ہیں، صدر ٹرمپ


ویب ڈیسک August 17, 2026
فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران کے ساتھ جنگ بندی کی 60 روزہ میعاد ختم ہونے پر پالیسی بیان جاری کردیا۔

فوکس نیوز کے صحافی ٹری ینگسٹ کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمان نے ایران کے ساتھ آبنائے ہرمز کے معاملے میں امریکی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالی تو امریکا عمان پر شدید بمباری کرسکتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر عمان راستے میں آیا تو امریکا اسے بُری طرح بمباری کا نشانہ بنائے گا۔ یہ دھمکی خلیجی ریاست عمان کے لیے خاص طور پر غیر معمولی ہے کیونکہ مسقط خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ 

امریکی صدر نے ایران سے ایک بار پھر ہتھیار ڈال کر امن کی علامت سفید جھنڈا لہرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت اچھے پوکر کھلاڑی ہیں تاہم ان کے بقول ایران کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی کے مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہونے پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے میں کوئی مقررہ ٹائم ٹیبل نہیں اور وہ جلد بازی میں بھی نہیں ہیں البتہ بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

ایران جنگ میں پیٹریاٹ میزائل اور ٹوما ہاکس جیسے جدید ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ ختم ہوجانے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کے صرف مونگ پھلی کے دانے جتنا اسلحہ استعمال ہوا ہے۔