لاہور کے علاقے چوہنگ میں داماد نے سسرالیوں پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی سمیت 4 افراد کو قتل کردیا، بعد ازاں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق ملزم عمران شوکت نے 6 ماہ قبل سمیعہ بی بی سے زبردستی نکاح کیا تھا، تاہم سمیعہ بی بی اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔ ملزم آج صبح اپنی بیوی کو ساتھ لے جانے کے لیے سسرال پہنچا اور فائرنگ کرکے سمیعہ بی بی کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مزاحمت پر ملزم نے سسر علی خان، 21 سالہ سالہ ذیشان اور ساس شمائلہ کو بھی فائرنگ کرکے قتل کیا، بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لاہور: چوہنگ میں عمران نامی شخص نے اپنی بیوی، ساس، سسر اور سالے کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔
مقتولہ سمیا کے چچازاد فیصل نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتول ذیشان اپنے گھر بچوں کو قرآن پڑھاتا تھا، قاتل عمران کے بچے بھی قرآن پڑھنے آتے تھے۔
فیصل کے مطابق ملزم نے چھ ماہ قبل مقتولہ سمیا کو اغوا کرکے زبردستی نکاح کرلیا تھا، ملزم کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج تھا جس پر وہ ایک ماہ جیل میں بھی رہا۔
فیصل نے بتایا کہ ملزم مقتولہ کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا اور قتل کی دھمکیاں بھی دے رہا تھا، کل بھی ملزم کی طرف سے سب کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
فیصل کے مطابق پولیس کو اطلاع کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، آج یہ واقعہ ہوگیا۔