سعودی ایئرلائن ریاض ایئر نے لاہور کیلیے آپریشنز کا آغاز کردیا، پہلی پرواز کا پرتپاک استقبال

علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پرواز کو واٹرسیلوٹ پیش کیا گیا، کیک اور ربن کاٹنے کی تقریب کا بھی انعقاد


طالب فریدی August 18, 2026

سعودی عرب کی ریاض ایئر کی پہلی پرواز آر ایکس 676 لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی جہاں لینڈ کرتے ہی پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ریاض ایئر نے اسلام آباد کے بعد لاہور کیلیے فضائی آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پی اے اے فائر اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے لاہور ایئرپورٹ پر ریاض ایئر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر ربن اور کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریاض ایئر کی آمد پاکستان سعودی فضائی رابطوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ہےلاہور اور ریاض کے درمیان فضائی رابطے سے مسافروں کو مزید سہولت ملے گی۔