لاہور: میڈیکل اسٹور سے واردات کرکے فرار ہونے 2 ڈاکو ہلاک، تیسرا زخمی حالت میں گرفتار

پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے براہ راست فائرنگ کی، پولیس نے حقِ دفاع میں جوابی کارروائی کی


ویب ڈیسک August 19, 2026

 

لاہور میں شاہدرہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تینوں ڈاکو ایک میڈیکل اسٹور سے واردات کرکے فرار ہوئے تھے، سگیاں پل پر ناکے کے دوران پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کوٹ عبدالمالک میں ڈکیتی کے بعد تین مسلح ڈاکو سگیاں کے علاقے میں داخل ہوئے اور دوسری واردات کی کوشش کی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے براہ راست فائرنگ کی، پولیس نے حقِ دفاع میں جوابی کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ڈاکو علی اکبر اور علی ہلاک ہوگئے جبکہ زخمی ڈاکو قیس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی شواہد کے مطابق دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر طارق بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزمان سے تین پستول اور چھینا گیا مال برآمد ہوا ہے۔

ایس پی سٹی عاطف میر کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے پسٹل، میگزین، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، ملزمان نے کوٹ عبدالمالک کے علاقے میں واردات کرکے دو شہریوں کو زخمی کیا تھا۔ شاہدرہ پولیس نے ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں قبضے میں لے لیں، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئیں جبکہ زخمی گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔