سندھ کے ضلع گھوٹکی میں کچو بنڈی تھانے کی حدود میں مبینہ کاروکاری کے الزام پر فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ملزم فرار ہوگیا۔
گاؤں ملوک شیخ میں ملزم خاندل شیخ نے مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں اپنی اہلیہ مائی ملوکان شیخ اور نوجوان نور حسن شیخ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، دونوں مقتولین کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق ملزم گھر خالی کرکے فرار ہوگئے ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مقتول نور حسن شیخ کی اہلیہ نے الزام عائد کیا کہ خاندل شیخ، امام بخش شیخ اور دیگر نے گنے کے کھیت میں فائرنگ کرکے ان کے شوہر کو بے گناہ قتل کیا۔ انہوں نے پولیس پر بھی تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام بالا سے نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔