پشین میں منشیات تیار کرنے والی فیکٹری پر سیکیورٹی فورسز کا چھاپہ، بڑی مقدار میں منشیات برآمد

فیکٹری سے تقریباً 33 ہزار 600 کلوگرام منشیات برآمد کرکے موقع پر تلف کردی گئی


ویب ڈیسک August 19, 2026

 

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، ضلع پشین کے علاقے یارو میں منشیات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔

فیکٹری سے تقریباً 33 ہزار 600 کلوگرام منشیات برآمد کرکے موقع پر تلف کردی گئی جبکہ فیکٹری کو بھی مسمار کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فیکٹری سے بڑی مقدار میں آئس سمیت دیگر منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا۔

کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات کی کل مالیت تقریباً 26 کروڑ 88 لاکھ روپے ہے۔ منشیات تیار کرنے والی فیکٹری کی عمارت اور پیداواری یونٹس کو ہیوی مشینری کے ذریعے مکمل طور پر مسمار کردیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے صوبے بھر میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں منشیات کے کاروبار کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔