انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے شفیق موڑ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس و سول انتظامیہ پر حملے کے مقدمے میں 38 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ ملزمان میں ہوٹل مالک ہاشم، ذیشان و دیگر شامل ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ کارروائی میں ایس ایچ او سمن آباد بھی زخمی ہوئے، میڈیکو لیگل رپورٹ میں بھی ایس ایچ او کی ہڈی فریکچر ہونا لکھا ہے۔ ملزمان کی جانب سے کار سرکار میں مداخلت کی گئی جبکہ کیس کی تفتیش چل رہی ہے۔
عدالت کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ کچھ وکلا نے فیصلے سے قبل سوشل میڈیا پر اعلان کیے، سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرکے عدالتی تقدس کو نقصان پہنچایا گیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق 30 سے زائد ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے حملے سے پولیس و دیگر لوگ زخمی ہوئے تھے، ملزمان کے خلاف تھانہ سمن آباد میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔