شارع نور جہاں پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں مارے جانے والا ملزم بھتہ خور گروپ کا انتہائی اہم کمانڈر نکلا۔
ضلع وسطی پولیس ترجمان کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں رات گئے مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی جو بھتہ خور گروپ صمد کاٹھیاواڑی اور جمیل چھانگا گروپس کیلیے بطور کمانڈر کام کرتا اور انتہائی مطلوب تھا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان کے مطابق شارع نور جہاں پولیس کا منگل اور بدھ کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک یو میں بھتہ خوروں کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ملزم کی شناخت محمد بلال ولد ابراہیم کے نام سے کی گئی جس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول ، لوڈ میگزین ، 10 گولیاں اور 2 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں مقابلے کے دوران مارے جانے والا ملزم بلال بھتہ خور گینگ کا انتہائی اہم کمانڈر اور متحرک شوٹر نکلا جو کہ بھتہ خوری کے لیے فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھا۔
ملزم بلال مبینہ بھتہ خوری کے ذریعے گینگ کو مالی معاونت فراہم کرتا تھا جبکہ مختلف اضلاع میں بھتے پرچیاں دینے اور رقم نہ ملنے پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھا۔ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے بھتہ خور کی بھتہ خوری وارداتوں کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آئیں۔
ترجمان کے مطابق بھتہ خور گروپ کا کمانڈر بلال متعدد وارداتوں میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا تھا اور اس کے خلاف کراچی کے مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج ہیں جس میں وہ گرفتار بھی ہوچکا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک بھتہ خور رواں ماہ 10 اگست کو نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے نیو کراچی میں بھتہ نہ ملنے پر مٹھائی کی دکان پر فائرنگ میں بھی ملوث تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 2 راہگیر زخمی بھی ہوئے تھے اور اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کی تھی۔
مارے جانے والا بھتہ کمانڈر نے گزشتہ ماہ فیروزآباد میں زیر تعمیر پروجیکٹ سے بھتہ طلب کیا اور نہ ملنے پر زیر تعمیر پروجیکٹ پر فائرنگ بھی کی تھی۔
اس کے علاوہ ہلاک کمانڈر نے گزشتہ ماہ گلبرگ میں واقع اسٹیٹ اینڈ بلڈرز سے بھتہ طلب کیا رقم نہ ملنے پر اسٹیٹ اینڈ بلڈرز پر فائرنگ کی تھی ۔
ترجمان کے مطابق ہلاک بھتہ خور نے گزشتہ ماہ سرجانی اور منگھوپیر میں بھی زیر تعمیر پروجیکٹ میں بھتے کی پرچی دی تھی اور بھتہ نہ ملنے پر زیر تعمیر پروجیکٹ پر آکر فائرنگ کی تھی۔
دوسری جانب ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے۔