پورے ملک میں 12 ربیع الاول کے بعد تاریخی ہڑتال ہوگی، ملک بند ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

وقتی کمی بیشی قبول نہیں مستقل حل چاہیے، اسلام آباد گئے تو موبائل فون بند کریں گے کوئی بات نہیں ہوگی، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک August 19, 2026
فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی اور پورا ملک بند ہوگا جبکہ اگر اسلام آباد کی طرف گئے تو اپنا موبائل فون بند کردیں گے اور کسی سے بات نہیں ہوگی۔

پشاور میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے ہونے والے دھرنے سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا جہاں کارکنوں نے ڈی چوک جانے کے نعرے لگائے، جس پر انہوں نے کہا کہ ڈی چوک جانے کا طریقہ بتاؤں گا لہٰذا کارکن پرعزم اور بڑی جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے بھتے کا خاتمہ ہونا چاہیے، جو لوگ کہتے ہیں جماعت اسلامی کے ساتھ لوگ نہیں نکلتے تو وہ آج پشاور کا دھرنا دیکھ لیں، حکومت نے عوام کا دباؤ محسوس کیا ہے اور ڈیزل کی قیمت 32 روپے کمی کا اعلان کیا ہے یہ عوام کا دباؤ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقتی کمی بیشی قبول نہیں اس کا مستقل حل چاہیے، غریب عوام، نوجوانوں اور طالب علموں کے جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان، لاہور اور پشاور میں دھرنے جاری ہیں، پشاور کے علاوہ اب دھرنے پورے خیبرپختونخوا میں ہوں گے، جماعت اسلامی نے 510 مقامات پر دھرنے دیے اور احتجاج کا سلسلہ آگے بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی غلامی کرتا ہے تو مہنگائی ہوتی ہے، لیوی لگاتے ہیں، آئی ایم ایف جب کہتا ہے تنخواہیں کم کریں آسائشیں کم کریں یہ اپنا مفاد دیکھتے ہیں، روز کے پیٹرول پمپ پھینکے جا رہے ہیں اور 32 روپے کمی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی اور پورا ملک بند ہوگا، شہباز شریف صاحب سن لیں اب قوم باہر نکلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے بارے میں عوام کو شعور دیا، آئی پی پیز میں زرداری اور شریف خاندان کے مفادات تھے، کہا گیا بجلی کا بحران کم کیا جائے گا لیکن بجلی نہ بننے کے پیسے دیے گئے، جو بجلی بنتی نہیں اس کے پیسے عوام سے وصول کیے جارہے ہیں، شہباز شریف صاحب بتائیں سیلز ٹیکس کے پیسے کہاں جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب قوم باہر نکلے گی تو حکمرانوں کو پیچھے ہٹنا پڑے گا، میں اسلام آباد کی کال دوں گا پوری قوم پہنچے گی، ہم پرامن لوگ ہیں گولی نہیں چلاتے، گالی نہیں دیتے، جب اسلام آباد جائیں گے تو پھر ہمارا موبائل فون بند ہوگا آپ سے کوئی بات نہیں ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم اپنا مفاد نہیں قوم کی بات کررہے پیں، فی لیٹر پیٹرول پر 125 روپے حکومت جیب میں ڈال رہی ہے، اسکول جانے والے، روزگار کے لیے جانے والوں پر ظالم لیوی وصول کی جا رہی ہے، ایک نوجوان حکمرانوں کو 750 روزانہ اور ماہانہ 20 ہزار روپے دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے بھی کہتا ہوں کہ تعلیمی اداروں کو آوٹ سورس نہ کریں، جو ادارے ہیں ان کو بہتر بنائیں نئے ادارے قائم کریں اور معیار ایک جیسا بنائیں، غریب اور مڈل کلاس اور امیر کی تعلیم علیحدہ علیحدہ نہیں ہونی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو علاج کی سہولت ہونی چاہیے۔