لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) نے سرکاری افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والے اوڈ گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے لاہور میں اوڈ گینگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق حراست میں لیے گئے کارندے سرکاری افسر بن کر شہریوں کو لوٹتے جبکہ بینک اکاؤنٹ بلاک کرنے کی دھمکی دے کر رقم بٹورتے تھے۔
ملزمان نے خاتون کو اکاؤنٹ بلاک کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے جس پر متاثرہ نے این سی سی آئی اے میں درخواست دائر کی تھی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عارف، یونس اور ندیم کے ناموں سے ہوئی جن کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد جبکہ 12 سے زائد جعلی موبائل کی لین دین کے اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا۔
این سی سی آئی اے نے ایک بار پھر شہریوں کو مشکوک کالز اور جعلی افسران سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کسی بھی کال کی شکایت لازمی درج کرائیں۔